مرکزی امدادی پراجکٹس پر رپورٹ پیش کرنے مرکزی وزیر کی خواہش
حیدرآباد ۔ 2 اگست (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے تلنگانہ آندھراپردیش کے وزرائے اعلیٰ سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ ایسے پراجکٹس جن کو مرکز کی مدد درکار ہے، کی تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر نے دونوں ریاستوں میں نافذ مرکزی اسکیمات کے متعلق مواد اور موجودہ موقف پر تفصیلات کو فراہم کیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ سے بات چیت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ترقی کو یقینی بنانے مرکز اور ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ تعاون کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ (وینکیا نائیڈو) دونوں وزرائے اعلیٰ کو ترقیاتی کاموں کے بارے میں واقف کروایا جوکہ آندھراپردیش کی تقسیم سے سیاسی بحران کے سبب مفلوج ہوچکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزراء اعلیٰ سے کہا گیا ہیکہ وہ سیاست کو ایک بازو رکھتے ہوئے ترقی کیلئے کام کریں۔ قبل ازیں چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے لیک ویو گیسٹ ہاؤز میں مرکزی وزیر سے ملاقات کرکے اس بات کی خواہش کی کہ ریاست کو خصوصی پیاکیج کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ریاست کو فنڈس کی اجرائی کی خواہش کی۔ وینکیا نائیڈو نے کے سی آر سے ان کے کیمپ آفس بیگم پیٹ میں ملاقات کی۔