حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقی وینکیا نائیڈو سے ریاستی وزیر ہاوزنگ اندرا کرن ریڈی اور ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی ۔ نئی دہلی میں ہوئی اس ملاقات میں ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی‘ بی ونود ‘جی نگیش اور بی سمن بھی موجود تھے ۔ آرمور تا عادل آباد ریلوے لائن کو براڈ گیج کرنے کے کام کی منظوری کی مرکزی وزیر سے نمائندگی کی گئی۔ وینکیا نائیڈو نے تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ کو وزیر ریلوے سے رجوع کریں گے اور منظوری کی مساعی کریں گے ۔ وینکیا نائیڈو سے درخواست کی گئی کہ عادل آباد ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کو منظوری دی جائے ۔ شہری علاقوں میں غریبوں کو مکانات کی تعمیر سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کیلئے مرکزسے تعاون کی درخواست کی گئی ۔ نرمل میں انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم کیلئے 130 کروڑ روپئے کی منظوری کیلئے وینکیا نائیڈو کو یادداشت پیش کی گئی ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مرکزی حکومت شہری علاقوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔