وینکیا نائیڈو اور چندرا بابو نائیڈو پر آندھرا پردیش کی عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

پولاورم پراجکٹ اور خصوصی ریاست کے درجہ پر غلط بیانی ، جئے رام رمیش سابق مرکزی وزیر کی تنقید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش نے دونوں ’ نائیڈو ‘ پر پولاورم پراجکٹ اور آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جئے رام رمیش نے کہا کہ تمام جماعتوں نے پولاورم پراجکٹ کی تعمیر سے اتفاق کیا تھا تمام منظوریوں کے ساتھ یو پی اے حکومت نے تقسیم ریاست بل میں اس کو منظوری دی تھی ۔ پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے اس کو پلاننگ کمیشن سے رجوع کردیا تھا اور ساتھ ہی آندھرا پردیش کو بھی خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا تقسیم ریاست کی بل میں وعدہ کیا گیا تھا ۔ تاہم مودی حکومت تقسیم ریاست کے بل میں کئے گئے وعدوں میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کرپائی ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں مرکزی وزیر مسٹر وینکیا نائیڈو جو تقسیم ریاست بل کی منظوری میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ آج پولاورم کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے اور تعمیری کاموں کے لیے فنڈز کی اجرائی کے معاملے میں مرکزی حکومت کی ٹال مٹول پالیسی کا تماشہ دیکھتے ہوئے آندھرا پردیش کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے معاملے میں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے بشمول ملک کی دوسری ریاستوں سے اعتراض ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ مسٹر جئے رام رمیش نے یاد دلایا کہ این ڈی سی کی منظوری کے بغیر بحیثیت وزیر اعظم مسٹراٹل بہاری واجپائی نے اترکھنڈ کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا تھا ۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت اور مسٹر وینکیا نائیڈو کو اس کا جائزہ لینے کا مشورہ دیا ۔ تقسیم ریاست بل میں جتنے وعدے کئے گئے تھے ۔ ان تمام وعدوں کو عمل آوری کے لیے پلاننگ کمیشن سے رجوع کردینے کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے کے دور حکومت بی جے پی کی تائید سے منظورہ حصول اراضیات قانون پر ہی عمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ این ڈی اے حکومت کی جانب سے تیار کردہ نئے بل کو جتنی بار بھی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے اتنی بار مخالفت کرنے کا اعلان کیا ۔۔