حیدرآباد /19 جون (سیاست نیوز) تلگودیشم رکن اسمبلی وینکٹ ویریا نے اے سی بی کے سامنے حاضر ہونے کی بجائے مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے، پیٹھ اور پیر میں شدید درد ہے، لہذا انھیں دس دن کی مہلت دی جائے۔ واضح رہے کہ نوٹ برائے ووٹ معاملے میں اے سی بی نے تلگودیشم کے رکن اسمبلی وینکٹ ویریا کو نوٹس جاری کیا تھا، تاہم ان کی جانب سے نوٹس وصول ہونے کی تردید کے بعد اے سی بی کے عہدہ داروں نے ایم ایل اے کوارٹر پہنچ کر ان کی قیامگاہ پر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کے لئے انھیں 19 جون کو شام پانچ بجے تک اے سی بی سے رجوع ہونے کی مہلت دی تھی۔ انھوں نے مہلت ختم ہونے سے قبل اے سی بی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں ان کا نام شامل ہونے پر پریشان ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں ان کی صحت بھی ٹھیک نہیں ہے، جب کہ ڈاکٹرس نے آئندہ دس دن تک سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اے سی بی کے سامنے حاضر ہونے کی اطلاع آج شام انھیں میڈیا کے ذریعہ ملی ہے۔ وہ صحت یاب ہونے کے بعد اے سی بی کو دستیاب رہیں گے، لہذا انھیں دس دن کی مہلت دی جائے۔