شمس آباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): میلار دیو پلی ڈیویژن کے وینکٹیشورا کالونی میں گزشتہ ایک ماہ سے ڈرینج کا گندہ پانی سڑکوں پر بہہ رہا تھا جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ کالونی کے خواتین آج ڈرینج کے کام کی تکمیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے لگے ۔ اطلاع ملتے ہی میلار دیوپلی کارپوریٹر ٹی سرینواس ریڈی اور ٹی آر ایس سینئیر لیڈر سری سیلم ریڈی نے مقام واقعہ پہنچ کر خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے تمام تفصیلات حاصل کی اور کارپوریٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے ڈرینج کے مسئلہ کو فورا حل کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد خواتین نے اپنا احتجاج ختم کیا ۔ کارپوریٹر نے بتایا کہ عوامی مسائل کو حل کرنا ہمارا فرض ہے ۔ جب بھی عوام نے مسائل پیش کئے ہم نے فورا مسائل کو حل کیا ۔ انہوں نے ڈیویژن کے تمام افراد سے اپیل کی کہ مسائل ہونے پر اس کی اطلاع دیں احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ہم نے تمام مسائل کو حل کیا اور آئندہ بھی کیے جائیں گے ۔۔