وینس کی اہم خصوصیات کیا ہے؟

بچو!شمالی اٹلی کے ساحل کے پاس ایک سو بیس چھوٹے چھوٹے جزیرے ہیں۔ ان جزیروں پر جو مکان بنے ہوئے ہیں‘ انہوں نے مل کر ایک شہر کی صورت اختیار کرلی ہے ۔ اس شہر کا نام وینس ہے۔وینس شہر کو بسانے کیلئے پہلے سے کوئی منصوبہ تیار نہیں کیا گیا تھا‘ بلکہ ہوا یہ تھا کہ ان جزیروں پر جن لوگوں نے پناہ لی تھی وہ اپنے دشمنوں کے ڈر سے بھاگ آئے تھے۔

پانچویں صدی میں شمالی یورپ کے وحشی قبائل نے اٹلی پر دھاوا بول دیا تھا ۔ ان سے بچنے کیلئے کچھ لوگ ان جزائر پر آگئے ۔ ان جزائر کی مٹی نرم تھی اس لئے پہلے لکڑی کے لٹھ‘زمین میں گاڑے گئے اور پھر ان لٹھوں پر مکان بنا لئے گئے ۔ وینس شہر میں کوئی سڑک اور کوئی ریلوے لائن نہیں ہے ۔ یہاں ایک سو ستر نہریں ہیں جو سڑکوں کا کام دیتی ہیں ۔ اگر آپ شہر میں گھومنا چاہیں تو آپ کو کسی موٹر کار یا سائیکل کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آپ کو پیدل چلنا پڑے گا یا پھر کشتیوں میں سفر کرنا پرے گا۔ یہاں کی کشتیاں گنڈولا کہلاتی ہیں۔