وینزویلا بحران:امریکی طیارہ انسانی امداد لے کر کولمبیا پہنچا

واشنگٹن ۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی فضائیہ کا ایک طیارہ وینزویلا کیلئے انسانی امدادکے سامانوں کی کھیپ لے کر کولمبیا میں ککٹا پہنچ گیا ہے ۔وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈونے امریکی انسانی امداد کو ملک میں لانے کیلئے 23 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادرو نے اس منصوبہ کو دراندازی کی کوشش قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا وعدہ کیا تھا۔ وینزویلا کے موجودہ صدر نکولس مادرو نے ایک انٹرویو میں امریکہ کی جانب سے بھیجی گئی انسانی امداد کو سیاست زدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی کو وینزویلا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ملک بھر میں ہورہے احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے کہا ہے کہ وہ فوجی آپشن پر غور کر رہا ہے ۔مادرو کی قیادت میں کئی برسوں سے وینزویلا شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔