کراکس ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر وینزوئلا نکولس مادورو نے اُن پر ڈرون کے ذریعہ کئے گئے قاتلانہ حملہ میں ایک انتہائی معتبر اپوزیشن قائد کو مبینہ طورپر ملوث بتایاہے ۔ قوم سے اپنے ٹیلی ویژن خطاب کے دوران کہا کہ جن مشتبہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن کے بیان سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کولمبیا میں جِلاوطنی کی زندگی گزارنے والے اپوزیشن قائد جولیو برجس قاتلانہ حملہ میں کسی نہ کسی طرح ملوث ہیں ۔ یاد رہے کہ 5 اگسٹ کو صدر مادورو جس وقت ایک فوجی تقریب میں شرکت کررہے تھے اُسی وقت دھماکو اشیاء سے لدے دو ڈرونس کے ذریعہ اُنھیں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر غداری ، اقدام قتل اور دہشت گردی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ مادورو نے اس سلسلہ میں امریکی اور کولمبین قائدین سے درخواست کی ہے کہ وہاں بھی اگر کوئی مشتبہ فرد ہے تو اُسے وینزوئلا کے حوالے کیا جائے۔