نئی دہلی ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): عام آدمی پارٹی نے آج بتایا کہ پارٹی لیڈر کما وشواس کے خلاف تنازعہ پر دہلی ویمنس کمیشن سے نوٹس وصول ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ جب کہ پارٹی کی ایک خاتون کارکن نے الزام عائد کیا تھا کہ ناجائز تعلقات کے بارے میں افواہوں کی کمار وشواس نے تردید نہیں کی ۔ دہلی ویمنس کمیشن سے اس خاتون نے شکایت کی تھی کہ کمار وشواس نے ان افواہوں کی تردید نہیں کی کہ وہ ان کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھتے ہیں ۔ جس کے باعث ان کا وقار مجروح ہوگیا ۔ اس شکایت پر ویمنس کمیشن نے وشواس اور ان کی اہلیہ کو سمن جاری کرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ تاہم عاپ لیڈر سومناتھ بھارتی نے اپنے ٹوئیٹر پر بتایا کہ ویمنس کمیشن سے نوٹس حاصل کرنے کے بعد کمار وشواس کے مسئلہ پر کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے ایک بے بنیاد الزام کے بارے میں ویمنس کمیشن میں کی گئی شکایت پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ویمنس کمیشن کو حقیقی بے یار و مددگار خواتین کے مسائل پر توجہ دینی چاہئے ۔ واضح دہلی ویمنس کمیشن نے گذشتہ سال جنوبی دہلی میں منشیات اور جسم فروشی کا اڈہ چلانے پر آفریقی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں سومناتھ بھارتی اور دیگر پارٹی کارکنوں کو سمن جاری کیا تھا ۔۔