پانچ ہزار روپئے مقرر ، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ولیج آرگنائزیشن اسسٹنٹس ( وی او اے ) کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے 5000 روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 500 تا 1500 روپئے معمولی تنخواہوں کے ساتھ خدمات انجام دینے والے 18,405 وی او اے کی تنحواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ماہانہ 5000 روپئے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں ولیج آرگنائزیشن اسسٹنٹس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کے مسائل کا جائزہ لیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ وی او اے کی محنت زیادہ ہے تاہم انہیں معمولی تنخواہیں حاصل ہورہی ہیں ۔ جس سے ان کا گذر بسر مشکل ہوگیا تھا حکومت نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد گراما سمکھیا سنگھال کی جانب سے ادا کئے جانے والے 2 ہزار روپئے کے ساتھ حکومت نے مزید 3 ہزار روپئے جمع کرتے ہوئے جملہ ماہانہ 5 ہزار روپئے تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دیہی معاشی نظام کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بے شمار کام کیے جارہے ہیں جس کے تحت ڈاکرا گروپس سے تعلق رکھنے والی خواتین کی معاشی حالت کو مستحکم کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈاکرا ویمن کی خدمات قابل ستائش ہے ۔ ان کی کارکردگی تعارف کی محتاج نہیں ہے ۔ ڈاکرا گروپس کی خواتین صرف چھوٹی بچت تک محدود نہ رہے ۔ بلکہ چھوٹی چھوٹی انڈسٹریز شروع کریں دیہی علاقوں میں دستیاب ہونے والی اشیاء کو مارکٹ کی ضرورت کے مطابق بنانے کے لیے خواتین اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں ۔ حکومت ڈاکرا گروپس کی حوصلہ افزائی کے لیے مکمل تعاون و اشتراک کرے گی ۔ چیف منسٹر نے ڈاکرا گروپ کی خواتین کو ڈیمانڈ رکھنے والی اشیاء جیسے مرچی ، ہلدی ، پاپڑ ، کھارا ، بوندی کے علاوہ دوسری چیزیں تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ تب ہی عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیاء دستیاب ہوگی اور خواتین کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے ۔ حکومت خواتین کو تربیت فراہم کرنے میں مکمل مدد کرے گی ۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ بنگلہ دیش کے علاوہ دوسری ریاستوں میں خواتین کی جانب سے انجام دینے والے کاموں کا جائزہ لیں ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ہریش راؤ ، جے کرشنا راؤ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔