ویلز کی تاریخی کامیابی، پسندیدہ بلجیم یورو کپ سے باہر

للے ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) یورو کپ 2016 کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ویلز نے بیلجیئم کو 1-3  گول سے  حیران کن شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اس کا مقابلہ پرتگال سے ہوگا۔یہ پہلا موقع ہے کہ ویلز نے کسی بڑے ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔یورپ کے بڑے کلبوں میں کھیلنے والے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل بیلجیئم کی ٹیم جس کو رواں ٹورنمنٹ میں خطاب کے لئے پسندیدہ موقف حاصل تھا اور اس  نے کھیل کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کیا اور میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی ویلز کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ بیلجیئم کے نینگولن نے میچ کے 13 ویں منٹ میں اہم گول کر تے ہوئے اپنی ٹیم  بیلجیئم کو میچ میں برتری دلوا دی۔ویلز کی ٹیم ایک گول کے خسارے کے باوجود سنھبل کر کھیلتی رہی اور بیلجئیم کے گول پر بار بار حملے کئے اور بالآخر 31 ویں منٹ میں کپتان ایشلی ولیئم نے کارنر پر خوبصورت ہیڈر سے گول کر میچ برابر کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 1-1  گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہوئے بیلجیئم نے مڈفیلڈر کریسکو کو تبدیل کر کے ماروان فلینی کو میدان میں اتارا۔ دوسری جانب ویلز نے دوسرے ہاف میں عمدہ کھیل کو جاری رکھا اور 55 ویں منٹ میں رابسن کانو نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلوا دی۔ویلز نے ایک برس پہلے بھی یوروکپ کے کوالیفائنگ میچ میں بیلجیئم کو 1-0  سے شکست دی تھی۔ ویلز نے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کو ہرا کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ویلز نے 58 برسوں بعد کسی بڑے ٹورنمنٹ کے لئے کوالیفائی کیا ہے اور اس کا سہرا اس کے اسٹار کھلاڑی گیرتھ بیل کے سر جاتا  ہے جنھوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ویلز کی جانب سے کئے جانے والے جملہ11 میں سے سات گول کئے اور وہ یورو کپ  2016 میں ابھی تک تین گول کر چکے ہیں۔خیال رہے کہ ویلز نے 1992 میں پہلی مرتبہ یورپیئن شپ میں اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا۔سیمی فائنل میں ویلز اور پرتگال کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے کے لئے 6 جولائی کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔