ویسٹ انڈیز نے انڈیا کو 1 رن سے ہرایا

امریکہ میں تاریخی T20 میچ ، دھونی کی ٹیم ورلڈ ریکارڈ سے چوک گئی
فورٹ لاڈرڈیل (امریکہ) ، 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا نے T20 انٹرنیشنل میں اعظم ترین ٹارگٹ کے کامیاب تعاقب کی تکمیل اقل ترین فرق سے ادھوری چھوڑ دی جبکہ لوکیش راہول نے دھواں دھار پہلی سنچری بنائی لیکن سنسنی خیز مقابلے میں ایم ایس دھونی کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دو کے منجملہ پہلے میچ میں آج یہاں آخری گیند کے اختتام میں محض 1 رن سے ناکامی برداشت کی۔ 24 سالہ راہول نے 51 گیندوں میں 110 ناٹ آؤٹ رنز 12 چوکوں اور 5 چھکوں سے اسکور کئے اور انڈین ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہمالیائی 245/6 کے جواب میں کامیابی کے قریب ترین پہنچ کر رُک گئی۔ انڈیا کو آخری اوور سے صرف آٹھ رنز درکار تھے اور انھیں یہ میچ جیت لینا چاہئے تھا کیونکہ وکٹ پر راہول اور کیپٹن دھونی (43) جم کر کھیل رہے تھے۔ آخر میں ہندوستان کو قطعی گیند پر دو رنز بنانے تھے لیکن دھونی وہ رنز نہیں بنا پائے اور ڈوین براوو (2/37) کی بولنگ پر مارلن سامیلس کو کیچ دے بیٹھے۔ اسٹانڈز میں بڑی تعداد میں موجود ہندوستانی شائقین کیلئے یہ دل شکن موقع رہا مگر ٹیم انڈیا نے 20 اوورز سے 244/4 پر اختتام کیا، جس میں اوپنر روہت شرما نے 62 رنز بنائے۔ قبل ازیں دھونی نے ٹاس جیت کر کارلوس براتھویٹ زیرقیادت ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی،جس نے نئے اوپنر ایون لوئس کی سنچری (100 رنز، 49 گیندیں، 5 چوکے، 9 چھکے) اور جانسن چارلس (79 رنز، 33 گیندیں) کی ففٹی کے بل بوتے پر  245/6 بنائے جو تیسرا اعظم ترین T20 اسکور ہے۔