ویسٹ انڈیزفائنل میں داخل ، ہندوستان کو 7 وکٹس سے شکست

ممبئی ۔ /31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے آج ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ ہندوستان نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 192/2 رنز بنائے اور جواب میں ویسٹ انڈیز نے کرس گیل کے 5 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہونے کے باوجود کامیابی کیلئے درکار نشانہ صرف 3 وکٹس کھوکر پورا کرلیا ۔ سیمنس نے 51 گیندوں میں 82 رنز بناتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ، ساتھ ہی ساتھ رسیل نے بھی 20 گیندوں میں 43 رنز بنائے ۔ ایک مرحلے پر ویسٹ انڈیز کا اسکور 19/2 تھا ۔ سیمنس کو روی چندرن آشوین اور ہاردیک پانڈیا کی دو نو بالس کی وجہ سے بہترین مواقع ملے اور انہوں نے اسے ٹیم کی کامیابی میں تبدیل کردیا ۔  نہرا نے 24 رنز دیکر 1 وکٹ لیا اور جبکہ دیگر بولرس کافی مہنگے ثابت ہوئے اور جڈیجہ و پانڈیا نے 8 اوورس میں 91 رنز دیئے۔قبل ازیں ہندوستان نے بہترین بیٹنگ کی اور ویراٹ کوہلی پھر ایک بار 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ شرما 43 اور راہانے 40 نے اچھی شروعات کی تھی اور ٹیم نے 192 کا مستحکم اسکور بنایا تھا ۔ سمنس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ٹورنمنٹ کا فائنل مقابلہ کولکتہ میں اتوار کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے مابین ہوگا ۔