فرخ آباد۔23دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) دہلی آدھیاتمک یونیورسٹی چلانے والے دھوکے باز بابا ویرندر دیو دکشت پر پولیس نے شکنجہ کستے ہوئے آج اترپردیش کے فرخ آباد میں اس کے دو آشرموں پر چھاپہ مارکر 40سے زیادہ لڑکیاں برآمد کیں۔اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ تریبھون سنگھ نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ کوتوالی علاقے کے سکندرا باغ میں واقع آشرم پر صبح 7 تا 8 بجے کے دوران پولیس نے چھاپہ مارا۔اس آشرم سے پنے (مہاراشٹر)کی رہنے والی ایک لڑکی کو برآمد کیاگیا۔لڑکی کے مطابق وہ گزشتہ پانچ چھ برسوں سے یہاں رہ رہی ہے ۔افسر نے بتایا کہ اس کے علاوہ سب کلکٹر قائم گنج وی کے دوبے اورپولیس سپرنٹنڈنٹ نریش کمار نے کمپل گنگا راستے پر واقع ایک اور آشرم پر پولیس دستے کیساتھ چھاپہ مارا اوروہاں سے بھی 40سے زیادہ لڑکیاں برآمد کی گئیں۔دونوں آشرموں سے برآمد لڑکیوں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے ان کا بیان درج کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دہلی میں عدالت کے حکم روہنی واقع آشرم پر چھاپہ مارنے کے بعد اترپردیش کے فرخ آباد اور باندہ واقع آشرموں پر چھاپہ مارنے کی کارروائی کی جارہی ہے ۔