حیدرآباد ۔ /7 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ویدیا ودھان پریشد ہاسپٹلس میں اسپیشلسٹس ڈاکٹروں کی مخلوعہ پائی جانے والی 395 جائیدادوں پر اندرون ایک ماہ تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں نوٹیفیکیشن (اعلامیہ) بہت جلد جاری کیا جائے گا ۔ حکومت نے ویدیا ودھان پریشد ہاسپٹلس کیلئے جملہ (1133) جائیدادوں کی منظوری دی تھی ۔ ان جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے نوٹیفیکیشن (اعلامیہ) جاری کرکے درخواستیں بھی حاصل کی گئیں ۔ لیکن ان تمام درخواستوں کی جانچ کرنے پر صرف (919) ڈاکٹرس ہی تقررات کیلئے اہل قرار دیئے گئے اور انہیں تقرر کرکے تعیناتی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی۔ جس کی روشنی میں 919 ڈاکٹروں کے منجملہ 738 ڈاکٹرس ہی ڈیوٹی پر رجوع ہوئے ۔ جس کے نتیجہ میں حکومت کی جانب سے منظورہ 1133 جائیدادوں کے منجملہ 738 جائیدادوں پر ہی تقررات عمل میں آئے اور 395 جائیدادیں مخلوعہ رہ گئیں ۔ لہذا ان مخلوعہ 395 جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات عمل میں لانے کیلئے کمشنر تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد مسٹر شیوا پرساد ازسرنو اقدامات کا آغاز کیا ہے اور ان جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے مزید ریاستی محکمہ فینانس سے کوئی منظور ی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تاہم دوبارہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کیلئے ضابطہ کی تکمیل کے طور پر اجازت کے حصول کیلئے آئندہ دو تین یوم میں حکومت کو تجاویز روانہ کی جائیں گی۔