اسلام آباد 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج خود کو ہندوستانی صحافی وید پرتاپ ویدک اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی ملاقات سے الگ تھلگ کرلیا ہے اور کہا کہ اس خانگی ملاقات میں اسکا کوئی رول نہیں ہے ۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے میڈیا سے کہا کہ وزارت خارجہ صرف سرکاری ملاقاتوں کی درخواست کو قبول کرتی ہے اور خانگی تبادلہ خیال کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم یا ان کے مشیر کی جانب سے کوئی درخواست آتی ہے تو اس کو آگے بڑھایا جاتا ہے تاہم ہم پاکستانی شہریوں سے کسی فرد کی ملاقاتوں کا اہتمام نہیں کرتے ۔ ہندوستان میں اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ ویدک کی حافظ سعید سے ملاقات آئی ایس آئی کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگر پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بشمول کشمیر کو حل کرنے کے تعلق سے کچھ کوششیں کرتا ہے تو ہم اس کو قبول کرتے ہیں کیونکہ یہ ہماری پالیسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی یہ رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین تمام مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کو باہمی بات چیت کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ اس نے سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکہ کیس میں مقدمہ کی سماعت کو روکا ہوا ہے ۔