ویاپم اسکام ‘ خاتون ٹرینی سب انسپکٹر بھی فوت ‘ چیف منسٹر پر دباؤ میں اضافہ

بھوپال / نئی دہلی 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان کیلئے ویاپم اسکام میںمشکلات میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ ریاستی حکومت کی حال ہی میں بھرتی کردہ ایک خاتون ٹرینی سب انسپکٹر بھی آج مردہ پائی گئی ۔ اس کی نعش ایک جھیل سے دستیاب ہوئی ہے ۔ اس کے بعد ریاست میں چیف منسٹر کے خلاف دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اور کانگریس نے فوری طور پر ان کی برطرفی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک متعلقہ تبدیلی میں سپریم کورٹ نے گورنر مدھیہ پردیش رام نریش یادو کو بیدخل کرنے سے متعلق درخواست کیس ماعت سے بھی اتفاق کرلیا ہے ۔ گورنر مدھیہ پردیش پر بھی اس اسکام میں ملوث رہنے کا الزام ہے ۔ یہ اسکام میں ریاست میں طلبا کے داخلوں اور رکروٹمنٹ سے متعلق ہے ۔ اس اسکام کے تعلق سے اطلاعات دینے والے کارکن آشیش چودھری نے ادعا کیا ہے کہ اس کی اپنی زندگی کو بھی سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان پر الزام عائد کیا کہ وہ اس اسکام میں راست ملوث ہیں۔ چیف منسٹر نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے ۔ گذشتہ دو دن سے اس اسکام سے متعلق افراد کی اموات کا سلسلہ شروع ہوا ہے ۔ اسی سلسلہ کے طور پر ٹرینی سب انسپیکٹر انامیکا سکارور پولیس ٹریننگ اکیڈیمی سے متصل ایک جھیل میں مردہ پائی گئی ۔ اس کی عمر 25 سال بتائی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ اسی کیس میں صحافی اکشے سنگھ اور جبلپور میڈیکل کالج کے ڈین ارون شرمابھی ایک ہوٹل میں پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے تھے ۔صحافی اکشے سنگھ دہلی میں اس اسکام کی تحقیقات کر رہا تھا جبکہ میڈیکل کالج ڈین فرضی امتحانات کی تحقیقات کر رہے تھے ۔ ساگر سٹی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس گوتم سولنکی نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ انامیکا کی موت خود کشی کی وجہ سے ہوسکتی ہے ۔ کانگریس نے تاہم اس ادعا کو مسترد کردیا ہے ۔ انامیکا کا ٹرینی سب انسپکٹر ویاپم کی جانب سے منعقدہ امتحان میں انتخاب عمل میں آیا تھا ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے انتخاب کا ویاپم اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ وہ اس اسکام کے استفادہ کنندگان میں شامل نہیں تھی ۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے تاہم اس واقعہ کو ویاپم سے جوڑنے کی تردید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے تاہم وہ پوری ذمہ داری سے یہ کہتے ہیں کہ اس واقعہ کا ویاپم اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ اس کی تحقیقات سے کوئی تعلق ہے ۔ کانگریس نے تاہم سپریم کورٹ کی نگرانی والی سی بی آئی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ شیو راج سنگھ چوہان کو فوری برطرف کیا جانا چاہئے ۔ کانگریس نے کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے چیف منسٹر کی علیحدگی ضروری ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ چیف منسٹر اس اسکام سے تعلق رکھنے والے 45 افراد کی اموات کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے ۔ دہلی میں کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ شیوراج سنگھ چوہان کو برطرف کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ مدھیہ پردیش میں برسر اقتدار بی جے پی نے تاہم کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ متوفی افراد کے نام پر سیاست کر رہی ہے ۔ جھبوا میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا امکان مسترد کردیا اور کہا کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات چل رہی ہیں ۔ جب تک سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کی جانب سے ہدایت نہیں دی جاتی سی بی آئی تحقیقات نہیں ہونگی ۔