ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات پر آج عدالتی جائزہ

نئی دہلی ؍ جبل پور ، 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ ویاپم اسکام میں سی بی آئی تحقیقات کیلئے عرضیوں کا کل جائزہ لے گی جبکہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج اعلان کیا کہ وہ بھی فاضل عدالت میں اس طرح کی درخواست کی حمایت کریں گے لیکن اپنے عہدہ سے استعفے کو خارج از امکان قرار دیا۔ تمام نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں جو توقع ہے کروڑہا روپئے کے اسکینڈل کی سی بی آئی انکوائری کا حکم دینے کیلئے متعدد عرضیوں کا جائزہ لے گی جبکہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کی مرکزی ادارہ کی جانب سے تحقیقات کیلئے عرضی پر سماعت کو 20 جولائی تک موخر کردیا۔ دریں اثناء ایمس کے انکار کے بعد مدھیہ پردیش پولیس کی ٹیم نے ویاپم اسکام پر نظر رکھنے والے ٹی وی جرنلسٹ اکشے سنگھ جو پُراسرار حالات میں فوت ہوگئے، اُن کے پیٹ کے اعضاء کے نمونے روہنی میں فارنسک سائنس لیباریٹری کو پیش کئے تاکہ کوئی ممکنہ زہریلے مادے کیلئے جانچ کی جائے۔ دہلی پولیس نے بھی جبل پور میڈیکل کالج کے ڈین ارون شرما کے پیٹ کے اعضاء کے نمونے ٹسٹ کیلئے سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری حیدرآباد کو بھیجے ہیں تاکہ اُن کی موت کے سبب کا پتہ چلایا جائے۔ جبل پور کی اطلاع کے بموجب مدھیہ پردیش ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے چیرمین ایڈوکیٹ آدرش منی ترویدی جنھوں نے ماضی میں ویاپم اسکام میں سی بی آئی انکوائری چاہنے والوں کی پیروی کی تھی، وہ آج علالت کے سبب ہائی کورٹ نہیں آئے، جس پر ان کی فیملی نے سمیت غذا کی کوشش کا شبہ ظاہر کیا ہے۔