ویاپم اسکام سے خبردار کرنے والے کو دھمکیوں کا سامنا ، حفاظتی انتظامات کی درخواست

بھوپال ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویاپم اسکام کے بارے میں خبردار کرنے والے آشیش چترویدی نے آج کہا کہ انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ یہ دھمکیاں اس اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث افراد دے رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز سے درخواست کی کہ ان کی حفاظت کے کافی انتظامات ریاستی یا مرکزی حکومت کی جانب سے کئے جائیں۔ انہوں نے گوالیار سے ٹیلیفون پر جہاں وہ زیرتعلیم ہیں، انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی بار جان سے مار دینے کی دھمکیاں مل چکی ہیں چونکہ چند سال قبل انہوں نے ویاپم اسکام کو بے نقاب کیا تھا۔ وہ سپریم کورٹ میں درخواست دے چکے ہیں۔ فی الحال وہ ڈینٹل اینڈ میڈیکل اڈمیشن ٹسٹ اسکام کے بے نقاب کرنے کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ 26 سالہ نوجوان نے کہا کہ وہ سائیکل پر گھومتے پھرتے ہیں اس لئے ان کی درخواست ہے کہ ان کی حفاظت پر تعینات عہدیدار کو بھی سائیکل فراہم کی جائے تاکہ وہ ان کے پیچھے پیچھے رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اوقات وہ ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں اس لئے امکان ہیکہ ایسے موقع پر ان پر جان لیوا حملہ ہوجائے۔