نئی دہلی ؍ کولکتہ ؍ بھوپال ۔ 6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویاپم اموات پر برہم اپوزیشن نے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان پر تنقیدوں میں اضافہ کردیا ہے اور اُن کی برطرفی کا مطالبہ کیا لیکن بی جے پی نے اپنے پارٹی لیڈر کی پشت پناہی کرتے ہوئے اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ مسترد کردیا ۔ مرکز نے بھی سی بی آئی تحقیقات سے صاف انکار کیا ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اسکام کی ایس آئی ٹی تحقیقات جاری ہے اور حکومت ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ کو اس معاملے میں کوئی ہدایت نہیں دے سکتی۔ کانگریس ، بائیں بازو اور عام آدمی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس معاملے میں گھسیٹتے ہوئے اُن کی خاموشی کے بارے میں سوالات اُٹھائے ۔ کانگریس ترجمان رندیپ سرجیوالا نے دہلی میں کہا کہ شیوراج سنگھ چوہان کو فوری برطرف کرتے ہوئے ویاپم اسکام کی غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنانا چاہئے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھی ویاپم معاملے میں اموات کی مذمت کی اور کہا کہ اُن کی پارٹی پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اُٹھائے گی ۔