ملک کے سات شہروں میں پونے کو دوسرا، بنگلور کو تیسرا مقام، عالمی سروے رپورٹ
نئی دہلی 23 فروری (پی ٹی آئی) عالمی سالانہ سروے کے تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مشرقی یوروپی ملک آسٹریا کا دارالحکومت ویانا انسانوں کی رہائش و بود و باش کے لئے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ عراقی دارالحکومت بغداد دنیا کا بدترین شہر قرار دیا گیا۔ ہندوستان کے سات شہروں میں حیدرآباد پہلے مقام کے ساتھ سرفہرست ہے۔ سرکردہ عالمی مشاورتی ادارہ مرسر کی طرف سے تیار کردہ دنیا کے 230 اہم شہروں کی فہرست میں ہندوستان کے ساتھ شہر شامل ہیں۔ حیدرآباد اگرچہ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال ایک درجہ کمی کے ساتھ 138 کے بجائے 139 پر پہونچ گیا ہے جس کے باوجود جنوبی ہند کے اس قدیم تاریخی شہر کو معیار زندگی اور انسانوں کی رہائش کے ضمن میں ہندوستان کا سب سے بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ 144 ویں مقام کے ساتھ پونے ہندوستان کا دوسرا بہتر شہر ہے۔ 145 ویں مقام کے ساتھ بنگلور تیسرے، 150 ویں مقام کے ساتھ چینائی چوتھے، 152 ویں مقام کے ساتھ ممبئی پانچویں، 160 ویں مقام کے ساتھ کولکتہ چھٹویں اور 161 ویں مقام کے ساتھ قومی دارالحکومت نئی دہلی ساتویں اور آخری مقام پر ہے۔ اس فہرست میں ویانا (آسٹریا) ، زیورخ (سوئزرلینڈ) ، آکلینڈ (نیوزی لینڈ) ، میونخ (جرمنی) اور وینکوور (کینیڈا) عالمی سطح پر ٹاپ پانچ شہر قرار دیئے گئے۔