وہپ کی خلاف ورزی کا شاخسانہ

کانگریس تادیبی کمیٹی کا اقدام ، 15 زیڈ پی ٹی سیز پارٹی سے معطل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی نے ضلع پریشد صدور نشین کے انتخابات میں وہپ کی خلاف ورزی کرنے پر کانگریس کے 15 زیڈ پی ٹی سی ارکان کو آئندہ 6 سال کے لیے پارٹی سے معطل کردیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی مسٹر کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ ضلع پرجا پریشد کے انتخابات میں کانگریس کا زبردست مظاہرہ رہا ہے ۔ عوام نے کانگریس پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بنایا ہے ۔ چند اضلاع میں صدور نشین کے انتخابات کے لیے کسی بھی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی ۔ تاہم کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے 15 زیڈ پی ٹی سی ارکان نے اپنی وفاداری تبدیل کردی پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرنے والے ضلع محبوب نگر کے 8 ضلع ورنگل کے 6 اور ضلع رنگاریڈی میں ایک کانگریس کے زیڈ پی ٹی سی ارکان کو فوری اثر کے ساتھ 6 سال کے لیے پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ عام انتخابات میں مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے کئی قائدین کو پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے ۔ پارٹی میں ڈسپلن کو کافی اہمیت دی جائے گی ۔۔