واشنگٹن 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خفیہ سرویس کے مطابق وہائٹ ہاؤز کو ایک لفافہ میں بند خطرناک زہریلا سمواد سائنیڈ موصول ہوا جو اُس شخص کے پتہ کے ساتھ بھیجا گیا تھا جس کے پتہ سے قبل ازیں امریکی صدر کو سرکاری رہائش گاہ پر ذریعہ ڈاک ایک ایسا ہی پیاکیج بھیجا گیا تھا جس میں پیشاب اور غلاظت پائی گئی تھی۔ امریکی خفیہ سرویس کے ترجمان برائین لیاری نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ 16 مارچ دوشنبہ کو وہائٹ ہاؤز میں ڈاک کی تنقیح کرنے والی تنصیب پر ایک لفافہ موصول ہوا جس کا ابتدائی معائنہ منفی پایا گیا۔ تاہم 17 مارچ کو اس کا کیمیائی معائنہ کیا گیا جس سے اس میں سائنیڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ بعدازاں مزید معائنوں کے لئے دوسرے لیاب کو روانہ کیا گیا جہاں اس کی توثیق ہوگئی۔ خفیہ سرویس کے ذرائع نے کہاکہ لفافہ پر جوابی پتہ لکھنے والے شخص سے 1995 ء میں خفیہ سرویس نے اُس وقت پوچھ گچھ کی تھی جب اُس نے امریکی صدارتی محل کو ایک لفافہ کے ذریعہ پیشاب اور غلاظت بھیجا تھا۔ وہ اکثر ایسی اشیاء بھیجتا رہا ہے۔