وکلاء کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا تیقن ، مجاہدین آزادی کو خراج

حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ہندوستان کی جنگ آزادی میں مسلمانوں کے رول کو ناقابلِ فراموش قراردیتے ہوئے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ بلاتفریق ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر مجاہدین آزادی نے اس ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کروایا ۔ میٹروپولٹین کریمنل کورٹس بار اسوسیشن کے زیر اہتمام مجاہدین جنگ آزادی شہید اشفاق اللہ خان‘ رام پرساد بسمل اور روشن کی یاد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 27سال کی عمر میںاپنے وطن عزیز کے لئے خوشی خوشی پھانسی پر چڑھنے والے اشفاق اللہ خان نے آزادی کی جدوجہد میں سرگرم رول ادا کرتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اس ملک کا ہندو ہویا پھر مسلمان دونوں کے لئے اپنی زندگیوں سے بڑھ کر اس ملک کی آزادی ہے۔ الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ کی جدوجہد بھی ساری دنیا کے لئے ایک مثال رہی انہو ںنے تلنگانہ تحریک میںتمام شعبے حیات کی شرکت کو بھی ناقابل فراموش قراردیتے ہوئے کہاکہ وکلاء کی تلنگانہ تحریک میں شمولیت کے بعد علاقہ تلنگانہ کے حالات یکسر تبدیل ہوگئے۔ انہو ں نے تلنگانہ کی عدالتوں بالخصوص عدالت عالیہ میں تلنگانہ کی گونج کو ، تلنگانہ تحریک کے متعلق عوام میںشعور بیداری کو مرکز کی توجہہ کو تلنگانہ کی جانب مبذو ل کروانے میںمددگار بھی قراردیا۔

انہوں نے وکلاء کے دیرینہ مسائل کو بہت جلد حل کرنے کا بھی اس موقع پرتیقن دیتے ہوئے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل میںوکلاء کا تعاون ناگزیر ہے۔ مولانا رحیم قریشی نے بھی تلنگانہ وکلاء کی جانب سے مجاہدین آزادی کی برسی منانے کے اقدام کو قابلِ ستائش قراردیتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے تقاریب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا فروغ یقینی ہوگا جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سماجی جہدکار پی یادگیری نے خطاب کرتے ہوئے جنگ آزاد ی کی جدوجہد میں مسلمانوں کے رول کو اہمیت کا حامل قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہروقت اور موقع پر مسلمانوں نے اس جنگ آزادی کی جدوجہد میںدامے درمے وسخنے مدد کی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طرہ باز خان‘ چیدہ خان اور مولوی علا الدین جیسے عظیم مجاہدین جنگ آزادی کو بھی اس موقع پر سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کی تحریک ہو یاپھر علیحدہ تلنگانہ جدوجہد دنیا کی دونوں عظیم تحریکوں میںمسلمانوں کے رول کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکے گا۔ ایڈوکیٹ ذاکر جاوید کے علاوہ کونڈا ریڈی‘ وجئے ریڈی نے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ایڈوکیٹ وحید احمد نے تمام مہمانو ںکا استقبال او رشکریہ ادا کیا۔ کریمنل کورٹس بار کونسل کے سینکڑوں وکلا ء کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین نے بھی اس جلسہ عام میں شرکت کی۔