وڈرا کی فرمس کی اراضی معاملتیں سی بی آئی تحقیقات کیلئے عرضی خارج

نئی دہلی ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے آج مفاد عامہ کی ایک عرضی خارج کردی جس کے ذریعہ رابرٹ وڈرا کی فرمس کی جانب سے مبینہ طور پر کی گئی مختلف اراضی معاملتوں کی عدالت کی زیرنگرانی سی بی آئی تحقیقات کرانے کی استطاعت کی گئی تھی اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ غیرقانونی معاملتیں ہوئی ہیں جو ’’اس عدالت کے علاقائی دائرہ کار سے متجاوز‘‘ ہیں۔ چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس راجیو سہائے کی بنچ نے ایڈوکیٹ ایم ایل شرما کی عرضی کو قبول کرنے سے اس بنیاد پر بھی انکار کردیا کہ انہوں نے سپریم کورٹ سے ایک عرضی واپس لے لی اور ایسی اجازت حاصل نہیں کی کہ اسے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ بظاہر اس کے دائرہ کار کے اندرون کوئی قابل گرفت کام نہیں ہوا ہے۔

نقوی کے خلاف صابرعلی کی شکایت
نئی دہلی ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق جے ڈی (یو) لیڈر صابر علی نے آج دہلی کی عدالت کے روبرو نائب صدر بی جے پی مختارعباس نقوی سے تحریری معذرت خواہی چاہی، جن کے خلاف انہوں نے ہتک عزت کی فوجداری شکایت داخل کی ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر انہیں (صابر علی کو) انڈین مجاہدین کے محروس شریک بانی یٰسین بھٹکل کے ساتھ جوڑا ہے۔