وڈرا اراضی کیس : قانون اپنا کام کرے گا

چندی گڑھ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھتر نے کہا کہ رابرٹ وڈرا کے ہریانہ اراضی معاملت میں قانون اپنا کام کرے گا۔ وڈرا نے اس معاملت کے ذریعہ 44 کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے بزنس مین داماد کی کمپنی ہریانہ اراضی معاملتوں پر اندھادھند کما رہی ہے۔ اس معاملے کی قانون کے ذریعہ تحقیقات کی جائے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ ریاست میں سابق کانگریس حکومت کے دوران دیگر مبینہ اراضی اسکامس ہوئے ہیں، کیا حکومت ان کی تحقیقات کروائے گی، چیف منسٹر نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا۔ سی اے جی رپورٹ کے مسودہ سے یہ واضح ہوا کہ رابرٹ وڈرا نے ہریانہ میں بھوپیندر سنگھ ہوڈا حکومت کے دوران اراضی معاملات میں تقریباً 44 کروڑ روپئے کی دلالی کی رقم حاصل کی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ہریانہ حکومت نے سرکاری اراضی کو ڈی ایل ایف یونیورسل کو فروخت کرتے ہوئے 40 کروڑ روپئے کا منافع واپس لینے کی کوشش نہیں کی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کھتر نے کہا کہ بی جے پی حکومت صاف ستھرا و شفاف نظم و نسق چلائے گی۔