نئی دہلی، 03 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت داخلہ نے ان رپورٹوں کو مسترد کیا ہے جس میں جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا کے استعفیٰ کی پیشکش کی بات کہی گئی ہے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے آج یہاں کہا: ’’وزارت کو ابھی تک ووہرا کی جانب سے استعفے کی پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے ۔ ‘‘ میڈیا میں ایسی رپورٹیں آئی تھیں کہ ووہرا نے جموں وکشمیر کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ کی پیشکش کی ہے اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو خط بھی لکھا ہے ۔ رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ استعفیٰ کی پیشکش کے پیچھے ووہرا نے اپنی صحت کا حوالہ دیا ہے ۔ سابق دفاع اور داخلہ سکریٹری ووہرا کو 2008ء میں جموں و کشمیر کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ پانچ سال کی مدت مکمل ہونے پر 2013ء میں انہیں اس عہدے پر دوسری بار مقرر کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ووہرا کی جانب سے استعفے کی پیشکش کے سلسلے میں اسے کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی اسے کسی طرح کا مکتوب موصول ہوا ہے ۔