ووکیشنل سمر کیمپ کا 10 اپریل سے آغاز، دونوں شہروں کے 56 مراکز پر تربیتی پروگرام

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی 12 ویں ووکیشنل سمر کیمپ کا آغاز 10 اپریل سے ہوگا ۔ 12 ویں ووکیشنل سمر کیمپ کے تحت ’ سیکھو اور سکھاؤ ‘ کے تحت مرد و خواتین کے لیے سیکھنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ الحمدﷲ اس کیمپ کے ذریعہ گذشتہ دونوں شہروں میں کئی ہزار طلباء و طالبات نے استفادہ حاصل کیا ۔ بلکہ اضلاع میں بھی کیمپ منعقد کرتے ہوئے وہاں کے طلباء و طالبات اور خواتین کو سہولت پہنچائی جارہی ہے ۔ مراکز پر طالبات و خواتین کے ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ ، بیوٹیشن ، موتی ورک ، کشیدہ کاری ، سافٹ ٹائیز ، فلاور میکنگ ، اسپوکن انگلش شامل کئے گئے اور بعض مراکز میں فزیوتھراپی ، لیاب ٹکنیشن ، ویڈیو گرافی ، کی بھی تربیت دی جائے گی تاکہ تربیت یافتہ مرد و خواتین کو فوری روزگار حاصل ہوسکے ۔ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے اس سلسلہ کو گذشتہ 11 سال سے پابندی کے ساتھ جاری رکھا گیا ہے اور اس وقت دونوں شہروں میں 56 مراکز میں تربیتی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ ’ سیکھو اور سکھاؤ ‘ پروگرام کے تحت ٹریننگ کی تکمیل کے بعد انہیں سرٹیفیکٹس اور خصوصی انعامات بھی دئیے جائیں گے ۔ مراکز کی کارکردگی کی بنیاد پر اعتراف خدمات کے طور پر انہیں مومنٹوز بھی دئیے جائیں گے ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے نوجوانوں ، طلباء وطالبات کو روزگار حاصل کرنے کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اللہ کے فضل و کرم سے اس میدان میں کامیابی حاصل ہورہی ہے ۔ 10 اپریل سے قبل مراکز مدرسوں اور دیگر اداروں کے خواہش مند ذمہ داروں اور اس سلسلہ میں اپنی درخواستیں دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست پر دفتر کے اوقات کار 11 بجے دن تا 5 بجے شام تک داخل کرسکتے ہیں ۔ یا معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ ایم اے قدیر نائب صدر فورم ، احمد صدیق مکیش آرگنائزنگ سکریٹری ، محمد نصر اللہ خاں پبلسٹی سکریٹری فورم نے درخواست گذاروں سے اپیل کی کہ ان کورسیس کی تربیت کے لیے دلچسپی رکھنے والے درخواستیں داخل کریں ۔ مزید تفصیلات محترمہ خدیجہ سلطانہ 9394040104 ، محمد برکت علی 9700088110 ، محمد فرید الدین 9885376518 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔