ووٹ کے تناسب میں اضافہ سے تلگودیشم کو فائدہ : لگڑا پاٹی راجگوپال

حیدرآباد /7 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال نے سیما۔ آندھرا میں 70 فیصد سے زائد رائے دہی ہونے پر تلگودیشم کی کامیابی کا ادعا کیا۔ واضح رہے کہ چند دن قبل لگڑا پاٹی نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور سیما۔ آندھرا میں 70 فیصد رائے دہی ہونے پر تلگودیشم کی کامیابی کا ادعا کیا تھا، جس پر چیف الکٹورل آفیسر بھنور لال نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں نوٹس جاری کی تھی، تاہم آج سیما۔ آندھرا میں رائے دہی کا عمل مکمل ہوتے ہی ایک بار پھر انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ اور سربراہ وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی کو حاصل ہونے والی نشستوں کے اعداد و شمار پیش کئے۔

انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں رائے دہی کا تناسب 70 فیصد سے بڑھ چکا ہے، لہذا حکومت تشکیل دینے کے لئے تلگودیشم کو واضح اکثریت حاصل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاست کی تقسیم پر سیاست سے سنیاس کا اعلان کرنے والے راجگوپال نے 2014ء کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ انھوں نے پارٹی تشکیل دینے میں سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی تائید ضرور کی، لیکن پارٹی اور انتخابات سے خود کو دور رکھا۔