ووٹر لسٹ سے صدرنشین کونسل سوامی گوڑ کا نام غائب

حیدرآباد۔16ستمبر(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سوامی گوڑ کا نام ہی فہرست رائے دہندگان سے غائب ہو چکا ہے۔ جی ہاں!مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ میں صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سوامی گوڑ کا نام موجود نہیں ہے بلکہ ان کے پتہ پر صرف ایک ووٹ درج ہے ۔ سوامی گوڑ کے نام کی فہرست رائے دہندگان میں عدم موجودگی کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ میں نقائص کی موجودگی کا ایک اور انکشاف ہوا۔ ریاست کے تمام اہل شہریوں بالخصوص حیدرآباد کے رائے دہندگان کو چاہئے کہ وہ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ میں اپنے ناموں کی موجودگی کی توثیق کو یقینی بنائیں کیونکہ جب قانون ساز کونسل کے صدرنشین کا نام فہرست رائے دہندگان سے غائب ہو سکتا ہے تو کسی بھی عام رائے دہندہ کا نام غائب ہو تو معمولی بات ہوگی ۔ چنانچہ تمام شہریوں کو اپنے ناموں کی موجودگی یقینی بنانا چاہئے ۔