دھنباد 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ کے دھنباد پارلیمانی حلقہ میں ووٹروں کو بیدار کرنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ کی پہل پر آج سائیکل ریلی نکالی گئی ۔سائیکل ریلی کا انعقاد ضلع الیکشن افسر کم ڈپٹی کمشنر اے ڈوڈے کی ہدایت کے مطابق ضلع انتظامیہ نے کیا۔ مسٹر ڈوڈے سنیئر پولیس سپرنٹنڈنت کشور کوشل اور جنرل آبزرور نے بھی سیٹی سینٹر سے رانی باندھ تک سائیکل چلا کر ریلی میں حصہ لیا ۔ مسٹرڈوڈے نے کہاکہ سال 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں چھٹے مرحلہ کے تحت بارہ مئی کو دھنباد میں ووٹنگ ہونی ہے ۔ اور اس دن اتوار بھی ہے ۔ لوگوں کو چھٹی رہے گی ۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے پولنگ مراکز پر جاکر جمہوریت کے عظیم تہوار کا حصہ بنیں۔ ضلع الیکشن افسر نے کہاکہ ووٹنگ کرنا ہر ایک شہری کا اخلاقی حق اور فریضہ بھی ہے ۔ لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر نکل کر اس عظیم تہوار کا حصہ ضرور بننا چاہئے ۔ اسی مقصد سے آج سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ووٹروں کو بیدار کرنے کیلئے دس مئی کی شام کو بیکار باندھ پارک میں راک بینڈ شو کا بھی انعقاد کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر کوشل نے کہاکہ جمہوریت کے عظیم تہوار کے لئے اب صرف دو دن ہی باقی بچے ہیں ۔ اس لئے لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے ۔