نیفی ٹا ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے سابق صدر ہتن کیا نے گذشتہ ہفتہ خرابی صحت کے بنیاد پر اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا حالانکہ وہ آنگ سان سوچی کے قریبی رفیق تصور کئے جاتے تھے۔ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد ملک میں سوچی کے ایک اور وفادار کو ملک کے نئے صدر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ہے۔ 66 سالہ ون مینٹ نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن کے دوران اپنے عہدہ کا حلف لیا جہاں انہوں نے ملک اور ملک کی عوام کے تئیں وفادار رہنے کا حلف لیا جبکہ میانمار کے دو نائب صدور مینٹ سوے اور ہنری وان ٹیو نے بھی نئے صدر کے ساتھ ہی حلف لیا۔ یاد رہیکہ چہارشنبہ کو ون مینٹ کا انتخاب عمل میں آیا تھا جبکہ ان کے پیشرو ایک ہفتہ قبل خرابیٔ صحت کی بنیاد پر مستعفی ہوگئے تھے۔