کاراکاز۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کی اپوزیشن نے مزید احتجاجی جلوسوں کے اہتمام پر زور دیا ہے ۔ جن کا مقصد عدالتوں اور قومی انتخابی کونسل پر اپنے قبضہ کی بحالی ہے جس کا اپوزیشن کے بموجب صدر نکولس ماجورو نے اغوا کرلیا ہے ۔ عوام پر کل یوم مئی کے موقع پر یکم مئی کو احتجاج کی اپیل کی گئی ہے ۔ جلوسی سپریم کورٹ اور قومی انتخابی کونسل کے دفاتر تک جلوس کی شکل میں جائیں گے ۔ اپوزیشن نے ملک گیر سطح پر 24ریاستوں میں ونیزویلا کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آمریت پر دباؤ ڈالنے کیلئے احتجاج جلوس نکالے جائیں ۔ اپریل سے ونیزویلا میں ایک ماہ طویل احتجاج کے دوران 28 افراد انسداد فسادات پولیس اور حکومت مخالف احتجاجیوں میں جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں ۔ 400سے زائد افراد زخمی ہیں ۔
تقریباً 1300افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
ایورسٹ پر مشہور سوئیٹزرلینڈ کے کوہ پیما کی موت
کٹھمنڈو ۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) سوئٹزرلینڈ کے کوہ پیما یولی اسٹیک کا انتقال ہوگیا ۔ وہ کوہ الپین کے راستوں پر تیز رفتار کوہ پیمائی کر کے شہرت حاصل کرچکے تھے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایورسٹ کیلئے کوہ پیمائی کے دوران وہ پھسل کر گرپڑے تھے ۔ آنگ سیرنگ شیرپا صدر نیپال کوہ پیمائی اسوسی ایشن نے کہا کہ 40سالہ اسٹیک ایورسٹ پر ماہ مئی میں پہنچنے کا ارادہ کررہے تھے لیکن ایسا معلوم ہوتاہے کہ وہ کیمپ سے آج علی الصبح پھسل کر ایک ہزار میٹر کی گہرائی میں گرپڑے تھے ۔