ونڈیز104 رنز پرڈھیر،ہندوستان نے سیریز جیت لی

l جڈیجہ مین آف دی میچ
lکوہلی کو سریز کے بہترین
کھلاڑی کا ایوارڈ

تھرو اننت پورم ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) مین آف دی میچ رویندر جڈیجہ 34 رنز پر چار وکٹوں کے مظاہرے اور نائب کپتان روہت شرما (ناٹ آؤٹ 63) کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچویں اور آخری ونڈے میں نو وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز 3-1 سے جیت لی۔ ہندستان کی گھریلو زمین پر یہ مسلسل چھٹی سیریز میں کامیابی ہے ۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کو 31.5 اوور میں محض 104 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد14.5 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر105 رنز بناتے ہوئے انتہائی یکطرفہ انداز میں میچ کو نمٹا دیا۔ مکمل میچ ایک سیشن کے اندر ختم ہو گیا اور50 اوور بھی نہیں پھینکے گئے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ہندستان کی اس زبردست کامیابی کا سہرا بولروں کے سرجاتا ہے کو جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹکنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ جڈیجہ نے9.5 اوور میں 34 رنز پر چاروکٹ، فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے چھ اوورمیں 11 رنز پر دو وکٹ، بائیں ہاتھ کے بولر خلیل احمد نے سات اوور میں29 رنز پر دو وکٹ، بھونیشور کمار نے چار اوور میں11 رنز پر ایک وکٹ اور چائنا مین بولر کلدیپ یادو نے پانچ اوور میں18 رنز پر ایک وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا۔سیریز کے پہلے تین میچوں میں بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مہمان ٹیم حیران کن طورپر آخری دو میچوں میں ناکام ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اس کے لئے خودکش ثابت ہوا۔ ہندوستانی بولروں نے حالات کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے قہر برپا کیا۔بھونیشور نے دوسرے اوور میں کیران پاول کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ بمراہ نے شائی ہوپ کو تیسرے اوورمیں بولڈ کر دیا۔ ہوپ بھی کھاتہ نہیں کھول سکے ۔ مارلون سیموئلز نے 38 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے لیکن جڈیجہ نے چار اوور میں 11 رن پر ایک وکٹ اور چائنا مین بولر کلدیپ یادو نے پانچ اوور میں 18 رن پر ایک وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کو پست کر دیا۔شمرون ہیٹ مائر نو رنز بنا کر جڈیجہ کا دوسرا شکار بنے ۔ کپتان جیسن ہولڈر نے گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 33 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے لیکن دوسرے سرے سے وکٹ بارش کے قطرے کی طرح گرتی رہیں ۔