وندے ماترم کو قومی ترانہ قرار دیا جائے متنازعہ نعرے کے بعد آر ایس ایس کا نیا شوشہ

ممبئی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی جانب سے بھارت ماتا کی جئے پر ریمارکس کے چند دنوں بعد تنظیم کے ایک سرکردہ لیڈر نے کہا ہے کہ ’’وندے ماترم‘‘ ہی حقیقی قومی ترانہ ہے گوکہ دستور نے جن گن من کو منظور کیا ہے جس کی آر ایس ایس مخالف ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری بھیاجی جوشی نے کہاکہ جن گن من آج ہمارا قومی ترانہ بن گیا ہے جوکہ قابل احترام ہے لیکن بغیر کسی جذبہ اُسے کیوں پڑھا جانا چاہئے۔ چونکہ دستور نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اُسے قومی ترانہ قرار دیا جائے لیکن کوئی اس کے حقیقی معنی نہیں جانتا لہذا وندے ماترم کو قومی ترانہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں دین دیال ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں کیا ۔ مسٹر جوشی نے کہاکہ جن گن من اس لئے قومی ترانہ بن گیا ہے کہ دستور نے اُسے منظور کیا ہے اور یہ ترانہ ریاستوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحریر کیا گیا تھا۔ لیکن وندے ماترم حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہے جسے قومی ترانہ کی حیثیت سے رائج کرنے کی ضرورت ہے۔