ممبئی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وندے ماترم گانے کے بارے میں مدراس ہائیکورٹ کی رولنگ نے مہاراشٹرا میں سیاسی ہنگامہ چھیڑ دیا ہے جس میں ایک بی جے پی رکن اسمبلی نے ریاست کے اسکولوں اور کالجوں میں اس پر عمل آوری کا مطالبہ کیا جبکہ بعض دیگر پارٹیوں کے لیجسلیٹرس نے اِس طرح کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔ ممبئی سے مجلس کے ایم ایل اے وارث پٹھان نے گزشتہ روز کہاکہ وہ قومی گیت نہیں گائیں گے چاہے کوئی اُن کے سر پر ریوالور کیوں نہ رکھ دے۔ سماج وادی پارٹی کی مہاراشٹرا یونٹ کے صدر اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی نے بھی کہاکہ اگر اُنھیں ملک سے نکال باہر کیا جانے لگے تب بھی وہ وندے ماترم نہیں گائیں گے۔ یہ ردعمل سینئر بی جے پی ایم ایل اے راج پروہت کے مطالبہ کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ پروہت نے مدراس ہائیکورٹ کے حکمنامہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وندے ماترم کو سارے مہاراشٹرا کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں گانا لازمی کردینا چاہئے۔