ومبلڈن میں ثانیہ۔ مارٹینا کی عمدہ پیشرفت

مینس ڈبلز میں پیس ہار گئے ۔ مکسڈ ڈبلز میں ہندوستانی جوڑیاں برقرار
لندن ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور اُن کی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگز نے اپنا عمدہ ردھم جاری رکھتے ہوئے جاپانی جوڑی ایری ہوزومی اور میو کاتو کو ومبلڈن کے ویمنس ڈبلز ایونٹ میں شکست دے کر تھرڈ راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اتوار کو سکنڈ راؤنڈ کے مقابلے میں ٹاپ سیڈ جوڑی نے کورٹ نمبر 3 میں جاپانی حریفوں کے خلاف 52 منٹ میں 6-3، 6-1 کی کامیابی آسانی سے درج کرائی ۔ مقبول جوڑی نے اچھی سرویس کی اور انھیں میچ میں حاصل ہونے والے آٹھ بریک پوائنٹس میں سے پانچ کو کامیابی سے تبدیل کیا۔ ثانیہ اور مارٹینا کی تیسرے دور کی حریف جوڑی کرسٹینا مک ہالے اور یلینا اوستاپنکو رہے گی۔ اس امریکی۔ لاتویائی جوڑی نے اپنے سکنڈ راؤنڈ میچ میں 13 ویں سیڈز ایلا کدریاتسیوا اور وانیا کنگ کو 6-1، 6-4 سے ہرایا۔ اتوار کو قبل ازیں مینس ڈبلز سیکشن میں جان پیئرز اور ہنری کونتینن کی فنیش۔ آسٹریلیائی 10 ویں سیڈ جوڑی کو صرف 62 منٹ درکار ہوئے کہ انڈیا کے لینڈر پیس اور اُن کے پولش پارٹنر مارسین ماتکوسکی کو سکنڈ راؤنڈ میں 6-3، 6-2 سے چلتا کردیا۔ اب پیئرز اور کونتینن کا مقابلہ چھٹے سیڈز روہن بوپنا اور رومانیہ کے فلورین مرگیئا سے ہوگا۔ تاہم پیس مکسڈ ڈبلز میں ہنگز کے ساتھ اپنے ٹائٹل کا دفاع کررہے ہیں۔ انھیں 16 ویں سیڈنگ دی گئی اور فرسٹ راؤنڈ بائی ملا ہے۔ ثانیہ اور روہن کو بھی اپنے متعلقہ پارٹنرز کے ساتھ فرسٹ راؤنڈ بائیز حاصل ہوئے۔ ثانیہ نے ائیوان دودیگ جبکہ روہن نے انستاسیا روڈیونوا کے ساتھ جوڑی بنائی ہے۔