لندن ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن اوپن ٹینس میں اس مرتبہ سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آرہے ہیں۔ تاہم ویمنس سنگلز میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے پہلے دور کے مقابلے میں سوئس حریف آمراسیڈی کویک کو نسبتاً آسانی سے شکست دی۔ ڈیفنڈنگ چمپئن سرینا کی فتح کا اسکور 6-2 ، 6-4 رہا اور وہ سکنڈ راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ مینس سنگلز میں برطانوی اینڈی مرے نے ہم وطن لیام بروڈی سے بخوبی نمٹ لیا۔ عالمی نمبر دو کھلاڑی اینڈی نے سیدھے سٹوں میں کامیابی حاصل کی۔ سوئٹزرلینڈ کے اسٹان واؤرنکا نے امریکہ کے ٹیلر فرٹیزکا قصہ تمام کیا۔ واؤرنکا نے ایک کے مقابلے میں تین سٹ سے جیت کر دوسرے مرحلے میں قدم رکھا۔ دریں اثناء چہارشنبہ کے مقابلوں میں سوئس لجنڈ روجر فیڈرر اپنے اگلے مقابلے میں برٹش کوالیفائر مارکوس ولیز کا یادگار سفر ختم کردینے کوشاں ہیں جبکہ ڈیفنڈنگ چمپئن نواک جوکویچ اپنا ردھم برقرار رکھنا چاہیں گے۔