وقف جائیدادوں کے مقدمات پر توجہ دی جائے : محمد سلیم

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ
حیدرآباد ۔10۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کے سلسلہ میں موثر پیروی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے آج لیگل اور دیگر سیکشنوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی پیشرفت کی جائزہ لیا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ مقدمات کی موثر پیروی کیلئے ضرورت پڑنے پر نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقدمہ میں وقف بورڈ کی جانب سے دستاویزات کی پیشکشی میں کوئی تساہل نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کو کئی قیمتی جائیدادوںکے تحفظ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ بعض مقدمات ایسے ہیں جن میں بورڈ کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کرنے میں تاخیر کی شکایت ملی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسٹانڈنگ کونسلس سے ربط قائم کرتے ہوئے بروقت حلفنامہ داخل کریں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کی ذمہ داری بورڈ کے ہر ملازم پر عائد ہوتی ہے اور ہر کوئی اس کیلئے اللہ تعالیٰ کے پاس جوابدہ ہے۔ اوقافی جائیدادیں اللہ کی امانت ہے اور ان کا تحفظ ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کو ترقی دیتے ہوئے ان کی آمدنی مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔