حیدرآباد۔/26مارچ، ( راست ) دکن وقف پراپرٹیز پروٹیکشن سوسائٹی کے زیر اہتمام آج 27 مارچ کو بعد نماز مغرب کُل جماعتی جلسہ عام بعنوان وقف جائیدادوں کی تباہی، تلنگانہ کی تشکیل اور ہمارا لائحہ عمل، ٹیک کی مسجد نامپلی پرہوٹل تابندہ کے قریب منعقد ہوگا۔ صدارت جناب سید عزیز پاشاہ ( سی پی آئی) سابق ایم پی کریں گے۔ مہمانان خصوصی مولانا حامد محمد خاں صدر ایم پی جے، جناب محمد فیروز خاں ہوں گے۔ جناب عروج علی، جناب محمد یوسف( ٹی آر ایس ) مسٹر سدھیر پرکالہ ( عام آدمی پارٹی ) مسٹر چکری، جناب ایم اے باسط سابق کارپوریٹر دودھ باؤلی (تلگودیشم)، جناب اسمعیل الرب انصاری (اردو انصاری) کے علاوہ دیگر قائدین کا خطاب ہوگا۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری صدر سوسائٹی نے شرکت کی اپیل کی ہے۔
چار سابق وزراء کی رہائش گاہوں
کی برقی سربراہی منقطع
حیدرآباد۔/26مارچ، ( آئی این این ) محکمہ برقی نے آج ایک حیرت انگیز قدم اٹھاتے ہوئے بنجارہ ہلز میں واقع چار وزراء کی رہائش گاہوں کو برقی کی سربراہی مسدود کردی۔ بیان کیا جاتا ہے کہ بلز کی عدم ادائیگی پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ذرائع کے مطابق کرن کمار ریڈی کابینہ کے سابق وزراء 24لاکھ روپئے کے برقی بلز ادا کرنے میں ناکام ہوگئے تھے جس کے بعد ان کی رہائش گاہوں کو برقی کی سربراہی منقطع کردی گئی۔ بقایا جات کی ادائیگی تک برقی بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔