حیدرآباد ۔ 2 ۔جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وقف بورڈ کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ آخر کار حل ہوچکا ہے۔وقف بورڈ میں اسپیشل آفیسر کی عدم موجودگی کے باعث ملازمین کو جون کی تنخواہ کی ادائیگی تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔ کیونکہ اسپیشل آفیسر کو تنخواہوں کی اجرائی کے سلسلہ میں دستخط کا اختیار ہے جبکہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو صرف ایک لاکھ روپئے تک کی منظوری کا حق حاصل ہے۔ 18 جون سے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کا عہدہ خالی ہے ۔ لہذا بورڈ میں ملازمین کی تنخواہوں کیلئے ضروری کارروائی کرنے والے عہدیدار کی کمی نے ملازمین میں تشویش پیدا کردی تھی ۔
اس سلسلہ میں توجہ دہانی پر سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے حکومت سے مشاورت کے بعد چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے حمید کو تنخواہوں کی اجرائی کے سلسلہ میں اختیارات تفویض کی ہے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ سرکاری احکامات جاری کئے گئے جس کے بعد ایم اے حمید نے تنخواہوں کی اجرائی کے فائل پر دستخط کی ۔ یہ فائل آج دوپہر متعلقہ بینک روانہ کی گئی اور توقع ہے کہ جمعرات کو ملازمین کی تنخواہیں ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائیں گی۔ جناب احمد ندیم کی خصوصی دلچسپی سے اس مسئلہ کی بروقت یکسوئی پر ملازمین نے اطمینان کی سانس لی ہے۔