وقف پروٹیکشن آفیسر پر درگاہ کے اسٹور روم منہدم کرنے کے خلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری (سیاست نیوز) وقف بورڈ نے اپنے ایک عہدیدار کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کیلئے پولیس کو اجازت دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں 23 فروری کو حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو مکتوب روانہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس حبیب نگر نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وقف پروٹیکشن آفیسر ثناء اللہ خاں کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی اجازت طلب کی تھی ۔ ان پر الزام ہے کہ 5 مئی 2014 ء کو درگاہ حضرت سردار بیگ ؒ کے اسٹور روم کو غیر قانونی طور پر توڑ دیا تھا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ سے اجازت حاصل کئے بغیر یہ کارروائی کی گئی ۔ محترمہ نفیسہ بیگم نے اس سلسلہ میں پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے مکتوب میں کہا کہ تحقیقات کے دوران مذکورہ عہدیدار کو کئی مرتبہ بیان کیلئے طلب کیا گیا لیکن انہوں نے یہ کہتے ہوئے حاضری سے گریز کیا کہ وہ درگاہ سردار بیگ کی مکمل ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کیلئے فوجداری کارروائی کے سلسلہ میں متعلقہ ادارہ سے اجازت ناگزیر ہیں، لہذا وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز نے سابق پروٹیکشن آفیسر کے خلاف کارروائی کی اجازت کو منظوری دیدی جسکے بعد وقف بورڈ سے پولیس حبیب نگر کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔