بورڈ کا موجودہ نا اہل اسٹاف حالت کی تباہی کا ذمہ دار ، ڈپٹی چیف منسٹر کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حکومت سے خواہش کی کہ وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے آئی اے ایس یا آئی پی ایس عہدیدار کا تقرر کیا جائے۔ اس کے علاوہ محکمہ مال کے 20 تا 25 عہدیداروں کے خدمات وقف بورڈ کو تفویض کی جائیں تاکہ ریکارڈ کے تحفظ اور ڈیجیٹلائزیشن کی جلد تکمیل کی جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے پاس منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں محمد سلیم نے وقف بورڈ کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے ریکارڈ روم اور دفتر کو مہربند کیے جانے کے فیصلے سے بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کا موجودہ اسٹاف نااہل ہے اور وہ بورڈ کی حالت کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں فی الوقت مختلف سیکشنوں کی کارکردگی بتدریج بحال ہورہی ہے۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور بورڈ میں بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی روک تھام کے لیے آئی اے ایس یا آئی پی ایس رتبہ کے کسی عہدیدار کا تقرر کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر او اور تحصیلدار رینک کے 20 سے زائد ملازمین کی خدمات وقف بورڈ کے حوالے کی جائیں تاکہ ہر سیکشن کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وقف ریکارڈ کے ڈیجٹلائزیشن کا کام جلد شروع کیا جائیگا۔ محمد سلیم نے بورڈ کی موجودہ حالت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے خصوصی دلچسپی کے ذریعہ ہی اس ادارے کو متحرک بنایا جاسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق صدرنشین وقف بورڈ نے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے تقرر کی تجویز پیش کی جو اوقافی امور اور قانونی پہلوئوں سے بخوبی واقف ہوں۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد محمود علی نے تیقن دیا کہ ان تجاویز کو چیف منسٹر سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے ریونیو ڈپارٹمنٹ سے عہدیداروں کی خدمات حوالے کرنے پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے ریکارڈ کی جانچ اور انڈیکس کی تیاری میں مصروف ریونیو اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ محکمہ مال کے 4 اور اقلیتی بہبود کے 34 عہدیدار اس کام میں مصروف ہیں اور ریکارڈ سیکشن کی فائیلوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون دو یوم ڈیجٹلائزیشن کے کام کا آغاز ہوگا۔ محمد سلیم نے ضلع کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا سے ربط قائم کیا اور مزید اسٹاف الاٹ کرنے کی خواہش کی۔ صدرنشین نے اکائونٹ سیکشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رقومات کی اجرائی کے سلسلہ میں قواعد کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام سیکشنوں کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے اسٹاف میں اضافہ کے لیے نمائندگی کی جائے گی تاکہ بورڈ کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کی یکسوئی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔