عہدیداروں میں ورک کلچر متعارف کرانے اسپیشل آفیسر جلال الدین اکبر کی کامیابی مساعی
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے اور ملازمین اور عہدیداروں میں ورک کلچر متعارف کرنے کیلئے اسپیشل آفیسر جناب جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) کی جانب سے شروع کئے گئے اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔ ڈاکٹر این چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ماہر ٹرینر کے ذریعہ ملازمین اور عہدیداروں کیلئے دو بیاچس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹریننگ سے ملازمین اور عہدیداروں کو دفتری اُمور کی تکمیل اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں رہنمائی ملی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس ٹریننگ کے اثرات وقف بورڈ کی کارکردگی پر کس حد تک مرتب ہوں گے تاہم اسپیشل آفیسر جلال الدین اکبر پُرامید ہیں کہ وقف بورڈ کی کارکردگی ہر سطح پر بہتر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ حاصل کرنے والے ملازمین اور عہدیداروں نے ٹریننگ کے فوائد کا اعتراف کیا اور اس طرح کے مزید تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین اور عہدیداروں کے بعد آؤٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کیلئے بھی علحدہ ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی کارکردگی کے بارے میں عوام میں عام طور پر جو تاثر پایا جاتا ہے وہ چاہتے ہیں کہ اس کو دور کیا جائے اور وقف بورڈ دیگر محکمہ جات کی طرح ایک متحرک ادارہ میں تبدیل ہو۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے کام کاج میں شفافیت اور ملازمین میں جوابدہی کا احساس پیدا کرنے کیلئے وہ مختلف اصلاحی اقدامات کا منصوبہ رکھتے ہیں جن پر آنے والے دنوں میں بتدریج عمل آوری کی جائے گی۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ وہ وقف بورڈ کے اُمور کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ اپنی میعاد کے دوران اسے ایک کارکرد ادارہ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، اس سلسلہ میں انہیں ملازمین اور عہدیداروں کا تعاون بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہاوز کی عمارت کے بہتر مینٹننس کو یقینی بنانے کیلئے مینٹننس حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں اور وقف بورڈ کی تمام منزلوں پر آہک پاشی اور کلر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12ستمبر کو حج کیمپ کے آغاز سے قبل وہ تمام کاموں کی تکمیل چاہتے ہیں۔ حج کیمپ کے سلسلہ میں استعمال کئے جانے والے علاقے خاص طور پر فرسٹ فلوراور سیلر میں صحت و صفائی کے انتظامات کا بطور خاص خیال رکھا جائے گا۔ سیلر میں آہک پاشی کے علاوہ قدیم پائپ لائنوں کی تبدیلی کا کام جاری ہے تاکہ لیکیجس پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے حج ہاوز کی عمارت میں صفائی کے سلسلہ میں جو جرمانے کی تجویز رکھی ہے اس پر عمل آوری کے آغاز کیلئے حکمت عملی طئے کی جارہی ہے۔ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رتبہ کے عہدیدار کی نگرانی میں عملے کو تعینات کیا جائے گا جو عمارت کے کسی بھی حصہ میں پان، گٹکھا تھوکنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان پر 500/-روپئے جرمانہ عائد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمانہ کا اطلاق ملازمین کے ساتھ ساتھ وزیٹرس پر بھی ہوگا۔ انہوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ عمارت میں موجود تمام اداروں کو اس سلسلہ میں سرکیولر جاری کریں اور وقف بورڈ کے ملازمین میں بھی سرکیولر گشت کرایا جائے۔