اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر کوتاہی ناقابل برداشت، محمد جلال الدین اکبر کا عہدیداروں کیساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/9اگسٹ، ( سیاست نیوز) اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب محمد جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) نے عہدہ کا جائزہ حاصل کرتے ہی وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے اور شفافیت پیدا کرنے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ انہوں نے آج تعطیل کے باوجود حج ہاوز پہنچ کر وقف بورڈ کے تمام عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اورہر شعبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے وقف بورڈ کے تمام شعبوں کے انچارج عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے ان کے سیکشن اور اس کی ذمہ داریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں حالیہ عرصہ میں بورڈ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات حاصل کیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے اس سلسلہ میں زیر التواء اُمور اور ان کی وجوہات کے بارے میں وضاحب طلب کی۔ ذرائع کے مطابق جناب جلال الدین اکبر نے عہدیداروں پر واضح کردیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے اور بے قاعدگیوں سے متعلق شکایات کی صورت میں سخت کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادیں اللہ کی امانت ہیں اور وہ بحیثیت اسپیشل آفیسر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نہ صرف جائیدادوں کا تحفظ ہو بلکہ ان سے ہونے والی آمدنی منشائے وقف کے مطابق خرچ کی جائے۔ اسپیشل آفیسر نے بورڈ کے تمام شعبہ جات کے عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ جوابدہی کا احساس پیدا کریں اور کسی بھی بے قاعدگی کی شکایت کا موقع نہ دیں۔ جناب جلال الدین اکبر جو سابق میں بھی مختصر عرصہ کیلئے بورڈ میں حکومت کے نمائندہ کی حیثیت سے شامل رہ چکے ہیں، اس وقت بھی انہوں نے جائیدادوں کی لیز کی اجرائی کے مسئلہ پر اپنی مخالفانہ رائے کا نہ صرف اظہار کیا بلکہ اجلاس کی روداد میں اسے درج کرایا تھا۔ اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ عام مسلمانوں کی کثیر تعداد نے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ وقف بورڈ میں جاری من مانی اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ تک توجہ مبذول کریں گے۔ وقف بورڈ کے اُمور میں درمیانی افراد اور ملازمین و عہدیداروں کی ملی بھگت کے خاتمہ کے اقدامات پر زور دیا گیا۔ عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے اسپیشل آفیسر کو وقف بورڈ کے اُمور سے واقف کرایا اور وقف قواعد کے مطابق کارروائیوں کے سلسلہ میں رہنمائی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل آفیسر نے بعض اُمور کے بارے میں بورڈ کے چیف ایکزیکیٹو آفیسرس سے رپورٹ طلب کی۔