تین ماہ میں حوصلہ افزاء نتائج، کسی بھی شکایت کی بروقت یکسوئی ممکن: شاہنواز قاسم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی کوششوں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے ٹپال سے لیکر تمام شعبہ جات کو ای فائلنگ سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام فائلوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل تجرباتی طور پر شروع کیا گیا۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ ابتداء میں ایک سیکشن کی ذمہ داری دی گئی اور تجربہ کی کامیابی کے بعد دیگر سیکشنوں کی فائلوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ کام میں تیزی پیدا کرنے کیلئے زائد کمپیوٹرس اور عملہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ وقف بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ وقف بورڈ کے اسٹاف کو بنیادی ضروریات کے سلسلہ میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ شاہنواز قاسم کے مطابق اندرون 3 ماہ وقف بورڈ کی تمام اہم خدمات کو کمپیوٹر سے مربوط کردیا جائے گا۔ کسی بھی شکایت یا نمائندگی کی صورت میں اسے اسکیان کرتے ہوئے آن لائین کیا جائے گا اور درخواست گزار کو ایک نمبر الاٹ ہوگا جس کے تحت وہ اپنی درخواست کے موقف کا پتہ چلاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل میسیج کے ذریعہ درخواست گزاروں کو مسئلہ کی یکسوئی کی اطلاع دی جائے گی۔ شاہنواز قاسم کے مطابق ٹپال سیکشن کے آن لائین کئے جانے سے درخواستوں کی یکسوئی میں تیزی پیدا ہوگی اور دھاندلیوں کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی ۔ حال ہی میں ٹپال سیکشن کا اسکام منظر عام پر آیا تھا جس میں تین ماہ سے مراسلات کو متعلقہ سیکشن کے حوالے نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مینجنگ کمیٹیوں اور متولیوں کو آن لائین درخواست داخل کرنا ہوگا ۔ درکار شرائط کی تکمیل پر ان کی درخواست آن لائین قبول کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ متولی اور مینجنگ کمیٹی اپنی فائل کی پیشرفت کا آن لائین مشاہدہ کرپائیں گے ۔ جس سیکشن میں فائل ہوگی ، اس کی نشاندہی آن لائین پر موجود رہے گی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے کہا کہ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوام کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائے گی ۔ عام طور پر وقف بورڈ کے بارے میں جو تاثر پایا جاتا ہے ، اسے دور کرنا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر حکومت سے زائد فنڈس حاصل کرتے ہوئے تمام شعبہ جات کو کارپوریٹ طرز کی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں ورک کلچر اور ڈسپلن کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔