حیدرآباد ہائی کورٹ کا فیصلہ، ڈیویژن بنچ کا فیصلہ برقرار
حیدرآباد ۔ 3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اعزہ اسکول ملک پیٹ کے وقف ہونے سے متعلق معاملہ کی تحقیقات جاری رکھنے کا تلنگانہ وقف بورڈ کو اختیار دیا ہے۔ عدالت نے مدرسہ اعزہ ایجوکیشن سوسائٹی کو کل 4 اکتوبر کو تحقیقات کے سلسلہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے روبرو رجوع ہونے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے اسکول کے وقف ہونے سے متعلق معاملہ کی جانچ کی وقف بورڈ کو ہدایت دی تھی جس کے مطابق چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے 14 ستمبر اور پھر 30 ستمبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایجوکیشن سوسائٹی کو تحقیقات کیلئے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے ذریعہ تحقیقات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ جسٹس پروین کمار نے آج درخواست کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل کی بنیاد پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے ذریعہ تحقیقات کو درست قرار دیا ۔ فاضل جج نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ درخواست گزار کی جانب سے جو بھی دستاویزات طلب کئے جائیں انہیں حوالے کیا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت سے شکایت کی کہ بورڈ انہیں وقف سے متعلق دستاویزات پیش کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواست گزار نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے تحقیقات سے متعلق اختیار کے مسئلہ سے لمحہ آخر میں دستبرداری اختیار کرلی ۔ جسٹس پروین کمار نے درخواست گزار کو جمعرات کی صبح ساڑھے دس بجے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کے ساتھ درخواست کی یکسوئی کردی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی تحقیقات کی تکمیل کے بعد ان کی رپورٹ کو ہائیکورٹ یا ٹریبونل میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ اسکول کے وقف ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے جبکہ ایجوکیشن سوسائٹی کا موقف اس کے برخلاف ہے اور انہوں نے وقف بورڈ میں موجود تمام دستاویزات پیش کرنے کی خواہش کی ہے۔