وقف بورڈ میں مستقل چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا عنقریب تقرر

عہدہ کے لیے دو عہدیداروں کے نام حکومت کو پیش کئے گئے ، ہنوز منظوری کا انتظار
حیدرآباد۔19فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ 25 فروری سے قبل تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں مستقل چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کو یقینی بنائے گی اور اس سلسلہ میں احکام جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری رٹ درخواست نمبر35572/2018 کی سماعت کے دوران جسٹس پی نوین راؤ نے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر وقف کے تقرر کو کئے گئے چیالنج پر احکام جاری کرنے سے اتفاق کرلیا تھا لیکن ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پیر سے قبل حکومت کی جانب سے سی ای او وقف بورڈ کے باضابطہ تقرر کو یقینی بنایا جائے گا۔ موجودہ سی ای او وقف بورڈ کے تقرر میں موجود خامیوں کے سلسلہ میں داخل کردہ درخواست جس کی پیروی جناب محمد عبدالمقیت قریشی ایڈوکیٹ کر رہے تھے میں انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 2 اپریل 2018 کو جاری کردہ جی او آر ٹی نمبر 82کو برخواست کرنے کی خواہش کی تھی اور جی او کو غیر قانونی اور غلطیوں کا پلندہ قرار دیا تھا۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں سی ای او کے تقرر کے سلسلہ میں جاری کردہ اس جی او کو کئے گئے چیالنج میں درخواست گذار نے محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ ‘ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے علاوہ موجودہ سی ای او کو فریق بنایا تھا لیکن مقدمہ کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے داخل کئے گئے تحریری حلف نامہ کے سبب عدالت نے کوئی احکام جاری نہیں کئے بلکہ طلب کی گئی مدت تک کیلئے مقدمہ کو ملتوی کردیا گیا۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے مستقل چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ کیلئے دو عہدیداروں کے نام حکومت کو روانہ کردیئے گئے ہیں لیکن تاحال حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے اور تشکیل کابینہ کا عمل مکمل ہونے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ جاریہ ہفتہ کے دوران اس سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔