ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی چیف سکریٹری راجیو شرما سے بات چیت ‘ جلد منظوری کا تیقن
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) وقف بورڈ میں مستقل چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے تقرر کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے تلنگانہ چیف سکریٹری راجیو شرما سے بات چیت کی ۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے کہا کہ وقف بورڈ نے سی ای او کے عہدہ پر ڈپٹی کلکٹر رینک عہدیدار کی ضرورت ہے لہذا حکومت کو محکمہ مال کے عہدیدار کے نام کی سفارش کی گئی جس کی منظوری باقی ہے ۔ چیف سکریٹری نے تیقن دیا کہ وہ جلد فائل کی منظوری چیف منسٹر سے حاصل کرلیں گے ۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی مساعی سے ایک عہدیدار کا نام چیف منسٹر آفس روانہ کیا گیا تھا لیکن وہاں فائل غائب ہوگئی تھی۔ کافی تگ و دو کے بعد چیف منسٹر کے دفتر میں فائل کا پتہ چلا جسے منظوری کیلئے چیف سکریٹری کے حوالے کیا گیا ہے ۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے بتایا کہ وقف بورڈ کے علاوہ اقلیتی بہبود کے تمام اہم عہدوں پر عہدیداروں کا تقرر جلد عمل میںلایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کے عدم تقرر اور ایک عہدیدار کو زائد ذمہ داریوں کے سبب محکمہ کا کام کاج متاثر ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا اور حکومت جلد اہم عہدوں پر تقررات کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ سمیت تمام اقلیتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائیگا اور عہدیداروں اور ملازمین کو سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میںجوابدہ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے مشاورت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں موجود حیدرآبادی رباط کے تعطل کو ختم کرنے وہ بہت جلد اوقاف کمیٹی نظام کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناظر رباط اور دیگر افراد سے انہوں نے سعودی عرب میں مشاورت کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال رباط میں 600 عازمین کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا ۔ انہو ںنے کہا کہ اراضیات پر نا جائز قبضوں کو با قاعدہ بنانے کی مہم کے سلسلہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں کے تعاون سے اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کی جائے گی اور ریونیو اور وقف ریکارڈ میں یکسانیت پیدا کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نا جائز قبصوں کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم میں اوقافی جائیدادوں کو ہر گز نقصان نہیں ہوگا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مکہ مسجد کے بعض مرمتی کاموں ی جلد تکمیل کریں اور وہاں روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے بیت الخلاوں کی تعمیر پر توجہ دینے کی بھی ہدایت دی ۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوھ جاری کئے جائیں گے ۔