گھنٹوں انتظار سے نجات ، منٹوں میں سرٹیفکٹ کی اجرائی،الیکشن کے بعد عمل آوری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وقف بورڈ میں قضاۃ شعبہ کی خدمات کو آن لائین کرتے ہوئے ای قضاۃ سسٹم متعارف کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ انتخابی مرحلہ کی تکمیل کے بعد اس کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ وقف بورڈ کے مختلف شعبوں کو انفارمیشن ٹکنالوجی سے جوڑنے کیلئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب شادی اور دیگر سرٹیفکٹس کی اجرائی سے متعلق سیکشن کو آن لائین کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سسٹم کے متعارف کرنے کے بعد موجودہ اسٹاف کی تعداد میں کمی کرتے ہوئے انہیں دیگر اہم شعبوں میں تعینات کیا جاسکتا ہے۔ ملک کی تمام اہم خدمات ان دنوں آن لائین ہوچکی ہیں۔ اسی طرز پر عوام کو آن لائین سرٹیفکٹس کے حصول کیلئے یہ سسٹم تیار کیا گیا۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کے علاوہ قضاۃ شعبہ میں شخصی طور پر درخواستوں کے ادخال کا کاؤنٹر بھی موجود رہے گا۔ آن لائین میں تتکال اور نارمل دو طرح سے درخواستیں داخل کی جاسکیں گی۔ تتکال میں درخواست کے ادخال کی صورت میں دوسرے ہی دن کا وقت دیا جائے گا اور امیدوار وقف بورڈ پہنچ کر اپنا سرٹیفکٹس حاصل کرسکے گا ۔ سرٹیفکٹ کی فیس آن لائین یا پھر کاؤنٹر پر نقد ادا کی جاسکتی ہے۔ ایسے امیدوار جنہوں نے آن لائین درخواست کے ادخال کے وقت کاؤنٹر پر ر قم ادا کرنے کا آپشن منتخب کیا ہے ، وہ سرٹیفکٹ حاصل کرتے ہوئے رقم جمع کرسکتے ہیں۔ اگر امیدوار پوسٹ کے ذریعہ سرٹیفکٹ حاصل کرنا چاہے تو اسے اسپیڈ پوسٹ یا کوریئر کے ذریعہ سرٹیفکٹ روانہ کیا جائے گا ۔ تاہم اس کیلئے اضافی فیس ادا کرنی ہوگی ۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد امیدواروں کو ان کے موبائیل فون پر ایس ایم ایس اور واٹس اپ پر سرٹیفکٹ کی کاپی روانہ کی جائے گی ۔ اگر مقررہ تاریخ کو نہ پہنچیں تو آئندہ تاریخ مقرر کی جائے گی ۔ جس طرح پاسپورٹ کی اجرائی اور تجدید کے سلسلہ میں طریقہ کار ہے ، اسی طرز پر قضاۃ سسٹم کو آن لائین کیا جائے گا۔ فون پر تاریخ ، وقت اور کاؤنٹر نمبر کی تفصیل دی جائے گی ۔ اس سسٹم کے تحت چند منٹوں میں سرٹیفکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو گھنٹوں انتظار کی زحمت نہیں ہوگی۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کو عام کرنے کیلئے فیس میں کمی کی جاسکتی ہے جس کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ امیدوار سے آدھار اور سیل نمبر حاصل کرنے کے سبب او ٹی پی نمبر جاری ہوگا جس کے بغیر کوئی بھی درخواست پر نہیں کرسکتا۔ ای قضاۃ سسٹم کے وقف بورڈ میں درخواستوں کے لئے روزانہ کی بھیڑ کم ہوجائے گی۔ اسی دوران عوامی مسائل کی یکسوئی سے متعلق ٹپال سسٹم کو پہلے ہی آن لائین کردیا گیا ہے ۔ عوام کی جانب سے داخل کی جانے والی درخواستوں کو کمپیوٹرائزڈ کرتے ہوئے فائل کی پیشرفت کے بارے میں درخواست گزار کو اطلاع دی جارہی ہے۔